منگلورو7؍نومبر(ایس اونیوز) منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرعام ٹیکسی ڈرائیوروں نے اولا اور اوبر سے منسلک ٹیکسی ڈرائیور پر شدیدحملہ کردیا جس کے نتیجے میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
معلوم ہواہے کہ اولا اور اوبر سے منسلک ٹیکسی ڈرائیوروں نے ایئر پورٹ اتھاریٹی کو میمورنڈم دیتے ہوئے ایئر پورٹ سے مسافروں کو لے جانے کی اجازت طلب کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ لیکن جب وہ لوگ اپنے پروگرام کے مطابق ایئر پورٹ کے داخلی دروازے کے قریب پہنچے تو اچانک ایئر پورٹ ٹیکسی ڈرائیوروں کے ایک گروپ نے ان پر لوہے کی سلاخوں اور ہلاکت خیز ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔اس کے علاوہ اولا اور اوبر والوں کی موٹر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایاگیا۔
بتایاجاتا ہے کہ اولا اور اوبر سے تعلق رکھنے والے 25سے زیادہ ڈرائیورس اس حملے میں زخمی ہوگئے ہیں۔اور ان میں سے دو کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔بجپے پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس رجسٹر کرلیا ہے۔